اڈپی یکم نومبر (ایس او نیوز) ماہی گیری کرکے واپس لوٹ رہی بوٹ سے نیوی اہلکاروں نے بیچ سمندر میں ہیلی کاپٹر سے تھیلی اتارکر مفت میں مچھلیاں حاصل کیں جس کا ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور نیوی افسران کی ا س حرکت کی ہر طرف سے مذمت کی جارہی ہے۔
معلوم ہو اہے کہ ملپے پورٹ سے متعلقہ ایک ماہی گیر کشتی گوا کے سمندر میں مچھلیاں پکڑنے کے بعد بندر کی طرف واپس لوٹ رہی تھی۔ اس دوران کاروار اور گوا کے درمیانی سمندری علاقے میں آسمان میں اڑتا ہوا ایک ہیلی کاپٹر اس ماہی گیر کشتی پر بہت ہی نچلی سطح تک آکر منڈلانے لگا اور ہیلی کاپٹر میں موجود افراد نے ماہی گیروں کو اشارہ کیا کہ انہیں مچھلیاں دی جائیں۔ پھررسی سے بندھی ہوئی ایک ایک تھیلی ہیلی کاپٹر سے کشتی کی سمت میں اتاری گئی اور جب اس میں مچھلیاں رکھ دی گئیں تو اسے واپس اوپر کھینچ لیا گیا۔ اس سارے منظر کو ایک دوسری ماہی گیر کشتی پر موجود افراد نے کیمرے میں قید کرلیااور یہ کلپ سوشیل میڈیا پر اَپ لوڈ کردی۔ اس کے بعد ہر طرف سے افسران کی اس مفت خوری اور محکمہ دفاع کے ہیلی کاپٹر کو ذاتی اغراض کے لئے استعمال کیے جانے کی سخت مذمت کی جارہی ہے۔
بعض ذرائع سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر نیوی افسران کا نہیں بلکہ کوسٹ گارڈ سے متعلقہ عملے کا تھا۔